نیب کا شریف خاندان کو مزید 2 نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) نے شریف خاندان کو مزید 2 نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی تیاری شروع کردی ہے جس کے لیے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے تاہم شریف خاندان نیب کے سامنے پیش نہیں ہوا۔

نیب حکام نے پہلے شریف خاندان کو تیسرے نوٹس کے بعد مزید نوٹس جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب نیب حکام کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کو مزید 2 نوٹس بھجوائے جائیں گے۔

نیب حکام کا کہنا ہےکہ شریف فیملی نیب سے متعلق دومختلف مؤقف اپنا چکی ہے، پہلے کہا نیب نظر ثانی درخواستوں کے باعث کارروائی نہ کرے، پھر کہا کہ نیب قانون کے مطابق نہیں چل رہا۔

حکام نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق کام کررہا ہے جب کہ شریف خاندان کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل میاں نوازشریف اور اسحاق ڈار نے نیب لاہور کو جواب جمع کرایا تھا جس میں نظر ثانی کی اپیلوں پر فیصلے تک پیش نہ ہونے سے آگاہ کیا گیا تھا جب کہ نوازشریف نے اپنے جواب میں لکھا تھا کہ نیب جس قانون کے تحت کارروائی کررہا ہے وہ خلاف ضابطہ ہے۔


مزید خبریں :