فاف ڈپلوسی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے

آئندہ ماہ پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی قیادت جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی کریں گے۔

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لئے سرگرم ہیں اور انہی کی کوششوں کی بدولت کئی انٹرنیشنل کرکٹرز نے دورہ پاکستان کے لئے حامی بھری۔

اب اطلاعات ہیں کہ فاف ڈپلوسی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جارج بیلی نے بھی پاکستان آنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ بھی ورلڈ الیون اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ، نیوزی لینڈ کے جیمی نیشام اور انگلینڈ کے سابق کپتان پال کولنگ وڈ بھی پاکستان کا دورہ کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔

ورلڈ الیون ٹیم کے لئے جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلادیش اور زمبابوے کی ٹیموں سے بھی کھلاڑیوں کے شامل ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور کی جانب سے جمعہ کو حتمی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔ 


مزید خبریں :