کھیل
Time 06 ستمبر ، 2017

ہاردک پانڈیا کو پرینیتی چوپڑا کو ٹوئٹ کرنا مہنگا پڑگیا

بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کو بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کو ٹوئٹ کرنا مہنگا پڑگیا اور ٹوئٹر پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بالی وڈ اور کرکٹ کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور کئی نامور کرکٹرز کے اداکاراؤں کے ساتھ معاشقے رہے ہیں جس میں بھارتی کپتان اظہر الدین، ویوین رچرڈ، محسن خان، یووراج سنگھ، ویرات کوہلی اور ہربھجن سنگھ شامل ہیں۔

کئی کرکٹرز تو بالی وڈ حسیناؤں کے زلفوں کے اسیر ہوگئے اور رشتہ اذدواج میں بھی منسلک ہوچکے ہیں جس میں یووراج سنگھ اور ہر بھجن سنگھ کے نام سر فہرست ہیں جب کہ ظہیر خان نے بھی بالی وڈ حسینہ کے ساتھ منگنی کرلی ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی انوشکا شرما کے ساتھ معاشقے کے باعث ہمیشہ سے ہی تنقید کی زد میں رہے ہیں اور متعدد بار ان کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار بھی انوشکا شرما کو ٹھہرایا گیا ہے۔

حال ہی میں بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کو بھی بالی وڈ اداکارہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جواب دینا مہنگا پڑگیا اور ٹوئٹر صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے سائیکل کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’دلچسپ ساتھی کے ساتھ بہترین سفر‘‘۔ اداکارہ کی ٹوئٹ کے جواب میں کرکٹر نے بھی لکھا کہ ’’کیا میں بتا سکتا ہوں؟، میرے خیال سے بالی وڈ اور کرکٹ کا دوسرا تعلق ہے‘‘۔

ہاردک پانڈیا کے ذومعنی جواب نے ہر طرف چہ مگوئیوں کا بازار گرم کردیا تاہم بھارتی ٹوئٹر صارفین سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے کرکٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مفید مشورے بھی دیئے۔

ایک صارف لیکو مناہرہ نے کرکٹر کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ لڑکا ہیروئن پر لٹو ہوچکا ہے،، گیم پر دھیان دے بھائی۔

منوج نامی صارف نے کہا کہ ہاردک بہت زیادہ جلدی میں ہو، ابھی تو بہت مشہور ہونا باقی ہے اور اپنے کھیل پر دھیان دو ورنہ 2019 بہت دور کی بات ہے۔

نیرج سنگھ راجپوت نامی نوجوان کا کہنا تھا کہ کھیل پر دھیان دو پانڈیا جی، جب کہ ایک خاتون صارف نے اسے اشتہار کے لیے ڈرامہ قرار دیا۔


مزید خبریں :