پاکستان
Time 06 نومبر ، 2017

کرپشن کے الزام میں برطرف وزیر کی تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان


مانسہرہ: خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی سابق اتحادی جماعت قومی وطن پارٹی کے کرپشن کے الزام میں برطرف وزیر ابرار حسین تنولی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان ہے۔

وی وی آئی پی کلچر کی مخالفت کی دعویدار جماعت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اپنی سابق اتحادی جماعت قومی وطن پارٹی کے رکن ابرار حسین تنولی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے مانسہرہ پہنچے۔

پرویز خٹک کے ہمراہ تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی اور ضلعی صدر زرگل خان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ پرویز خٹک نے اپنی کابینہ میں موجود ابرار تنولی سمیت قومی وطن پارٹی کے دو وزراء کو کرپشن کے الزامات میں برطرف کر دیا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا تقریب میں شریک ہیں۔ جیو نیوز اسکرین گریب

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے سیکیورٹی عملے کے ہمراہ مانسہرہ میں برطرف سابق صوبائی وزیر کے بیٹے کے دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔

ابرار تنولی اور ان کے بیٹے نے پرویز خٹک کو ہیلی پیڈ پر جا کر خوش آمدید کہا اور انہیں اپنے ساتھ ہوٹل تک لے کر گئے۔

— جیو نیوز اسکرین گریب

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق پولیس نے وی آئی پی مومنٹ کے باعث ہیلی پیڈ سے ہوٹل تک کے روٹ کو بند رکھا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سابق صوبائی وزیر کے بیٹے کے دعوت ولیمہ میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی عدم شرکت نے کئی سوالات کو جنم دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آفتاب تنولی کافی عرصے سے وزیراعلیٰ پرویزخٹک سے تعلقات استوار کر رکھے تھے جس کی وجہ سے ان کے اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات بڑھ گئے تھے۔

تحریک انصاف کے ضلعی صدر زرگل خان نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ ابرار تنولی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔

مزید خبریں :