دنیا
Time 02 دسمبر ، 2017

پاکستان جانتا ہے کہ دہشت گردی سے کیسے نمٹنا چاہیے، امریکی وزیر دفاع

 امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات سے متعلق تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس کل پاکستان پہنچیں گے اور بحیثیت وزیر دفاع یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

پاکستان آنے سے قبل مصر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گرد تنظیموں اور گروہوں کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں، پاکستان جانتا ہے کہ دہشتگردی سے کیسے نمٹا جائے۔

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران ہونے والے ملاقاتوں میں جنوبی ایشیاء سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور بےگناہ شہری دہشت گردی کانشانہ بنے ہیں، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں، پاکستانی حکام دہشت گردوں کی معاونت نہیں کرتے، امید ہے پاکستان خطے میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

میٹس نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن امریکا کی ترجیح ہے اور ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں مصالحتی عمل میں کردار ادا کریں۔

جیمز میٹس نے کہا کہ بحیثیت وزیر دفاع یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہے اور وہ اس حوالے سے کافی پر امید ہیں۔

پینٹاگون کے مطابق امریکی وزیر دفاع مشرق وسطیٰ، مغربی افریقا اور جنوبی ایشیاء کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، جس کے پہلے مرحلے میں جیمز میٹس مصر پہنچیں گے، جس کے بعد اردن سے ہوتے ہوئے وہ 4 دسمبر کو پاکستان جائیں گے جبکہ دورے کے آخری مرحلے میں وہ کویت جائیں گے۔

پینٹاگون کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران جیمز میٹس کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات سے قطع نظر، جیمز میٹس کے دورے میں خطے اور خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کا موضوع ایجنڈے پر سرفہرست ہوگا۔

اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف اتحاد میں انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ مشقوں و دیگر معاملات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

مزید خبریں :