کراچی: برنس روڈ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا بچہ گھر پہنچ گیا

 بچے کی گمشدگی پر علاقہ مکینوں کی جانب سے برنس روڈ پر احتجاج کیا گیا تھا—۔فائل فوٹو

کراچی کےعلاقے برنس روڈ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا 10 سالہ بچہ آج صبح فجر کے وقت اپنے گھر واپس پہنچ گیا۔

بچے کے اہل خانہ کے مطابق بچے کو نامعلوم کار سوار چھوڑ کرگیا اور گھر والوں سے ملاقات بھی نہیں کی۔

بچے کے تایا نے جیو نیوز کو بتایا کہ بچے کو نامعلوم شخص چیز دلانے کے بہانے لے گیا تھا، تاہم بچے پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوا۔

انہوں نے جنگ اور جیو نیوز کا اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور اعلیٰ حکام سے بچوں کے حوالے سے ہونے والے واقعات کی روک تھام کے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔

اس سے قبل بچے کی گمشدگی پر علاقہ مکینوں کی جانب سے برنس روڈ پر ہنگامہ آرائی کی گئی، مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سٹرک بند کردی جبکہ دکانیں بھی بند کرادی گئیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بچہ صبح 9 بجے مدرسے گیا تھا جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا۔

مظاہرے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری برنس روڈ پہنچ گئی اور پولیس کی جانب سے بچے کی بازیابی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔

مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری بھی موقع پر پہنچے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قصور واقعے کے بعد حکمران ہوش کے ناخن لیں، خدا نہ کرے کہ عوام کے اشتعال سے یہاں بھی قصور جیسی صورتحال پیدا ہوجائے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا جاچکا ہے۔

علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس نے بھی بچے کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔


مزید خبریں :