اوور بلنگ کا معاملہ: بجلی کمپنیوں کے بلوں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال شروع

کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے 31 دنوں سے زیادہ کی اوور بلنگ کے معاملے پر پاور ڈویژن کے ذیلی ادارے پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے کمپنیوں کے بجلی بلوں کی جانچ پڑتال شروع کردی۔

جیو نیوز نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے 31 دنوں سے زیادہ کی ریڈنگ کے بجلی کے بل بھیج کر عوام کی جیبوں پر ڈاکے کا معاملہ اٹھایا تھا جس پر نیپرا کے بعد وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے بھی اوور بلنگ سے متعلق جیو نیوز کی اس تحقیقاتی رپورٹ کا نوٹس لیا تھا۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اوور بلنگ سے متعلق جیو نیوز کی تحقیقاتی رپورٹ پر نوٹس لینے کے بعد سیکرٹری توانائی علی رضا بھٹہ کو معاملے کی جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری توانائی نے اوور بلنگ سے متعلق تفصیلی جانچ پڑتال کی ذمہ داری لاہور میں واقع پاور ڈویژن کے ذیلی ادارے پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کو سونپ دی ہے۔

پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے ایک اعلیٰ افسر نے تصدیق کی ہے کہ اووربلنگ سے متعلق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

اسی حوالے سے جیو نیوز سے بات چیت میں سیکرٹری توانائی علی رضا بھٹہ نے بتایا کہ اوور بلنگ کے معاملے پر وفاقی وزیر توانائی کی ہدایت پر جانچ پڑتال کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جلد رپورٹ آجائے گی، ایک سوال پر کہ کیا اوور بلنگ کی رقم صارفین کو واپس کریں گے؟ سیکرٹری توانائی نے کہا کہ حتمی رپورٹ آنے سے قبل کچھ نہیں کہوں گا۔

مزید خبریں :