30 اپریل ، 2012
لندن … برطانیہ میں کئی روز سے جاری بارشوں کے باعث متعدد علاقوں میں سیلاب کے خدشے کے باعث وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ وارننگ میں برطانیہ کے جنوبی اور مشرقی حصے مڈ لینڈ اور ویلز میں کئی روز سے جاری بارشوں کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ برطانیہ کے جنوب مغربی حصے میں واقع کاوٴنٹی گلوسٹر شائر جہاں 2007ء میں بھی سیلاب آیا تھا،وہاں ایک بار پھر سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ سیلاب آنے کی صورت میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے گلوسٹر شائر اور مڈلینڈ میں ایمرجنسی ریسکیو روم بنادیئے گئے ہیں۔ آج صبح ہونے والی بارشوں کے باوجود شام اور رات کو مزید تیز بارشوں کا امکان ہے۔ میٹ آفس کے مطابق اگلے ہفتے مزید بارشیں بھی متوقع ہیں جن کی وجہ سے موسم اور بھی خراب ہو جائے گا۔