30 اپریل ، 2012
لاہور … پاسکو کے ایم ڈی میجر جنرل سہیل شفقات کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ایران کو 10 لاکھ ٹن گندم اور 2 لاکھ ٹن چاول کی برآمد 20 مئی سے شروع کر دی جائے گی، اس کے بدلے یوریا اور ڈی اے پی کھاد لیں گے۔ لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی پاسکو میجر جنرل سہیل شفقات کا کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیا پر امریکی پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوتا، دونوں ممالک بارٹر معاہدے کے تحت تجارت کرنے جا رہے ہیں، لین دین پیسے سے نہیں ہو گا۔ پاسکو نے چند ماہ کے دوران پرانی گندم کی فروخت اور دیگر معاملات سے قومی خزانے کو 40 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا، آج پاسکو منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث گندم خریداری مہم یکم کی بجائے 7 مئی سے شروع ہوگی، پہلی ترجیح 12 ایکڑ والے چھوٹے کاشت کاروں کو دی جائے گی۔