09 فروری ، 2015
سڈنی .......ورلڈ کپ کرکٹ کے وارم اپ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 247رنز کا ہدف دیا ہے، محمد عرفان نے 5وکٹیں حاصل کیں،تمیم اقبال اور محمود اللہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں168رنز بنائے۔سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو پہلے ہی اوور میں اس وقت کامیابی ملی جب انعام الحق بغیر کوئی رن بنائے سہیل خان کی گیند پر صہیب مقصود کو کیچ دے بیٹھے۔ دوسری وکٹ کیلئے بھی پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور 16رنز کے مجموعی اسکور پر مومن الحق 7رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد تمیم الحق اور محموداللہ نےعمدہ بیٹنگ کا مظاہر کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں168رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا، محمود اللہ 83رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔تمیم اقبال بھی ہمت ہار بیٹھے اور 81رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ اگلی ہی گیند پر مشفق الرحیم نے بھی کلین بولڈ ہوکر پویلین کی راہ لی۔سومیا سرکار کو 15رنز پر وہاب ریاض نے پویلین واپس بھیجا۔یوں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 49اعشاریہ 5اوورز میں 246رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔محمد عرفان نے 5، یاسر شاہ نے 2جبکہ سہیل خان اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی بالرز نے مجموعی طور پر 21اضافی رنز دیئے جن میں 17وائیڈ، 2،2بائی اور لیگ بائی شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ بدھ کوانگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ ورلڈ کپ میں اس کا پہلا ٹکرائو بھارت سے 15فروری کو ہو گا ۔