10 فروری ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی رؤف صدیقی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے آج ایم کیوایم کی جانب سے شاہراہ قائدین پر منعقد کی جانے والی ریلی میں چند مقررین کی جانب سے اپنی تقریروں میں عمران خان کی کراچی آمد پر اعتراض و نکتہ چینی پرشدید نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ چند مقررین کے ان جملوں سے مجھے صدمہ پہنچاہے ، الطاف حسین نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے شہری ہیں اور وہ جب کراچی آئیں گے ایم کیوایم انہیں خوش آمدید کہے گی ۔ الطاف حسین نے رؤف صدیقی کو ہدایت کی کہ وہ میرے یہ جملے امانت کے طور پر فوری میڈیا تک پہنچا ئیں۔دریں اثناالطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں واضح طورپرکہاہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن قیامت صغریٰ سے کم نہ تھا، وہ سانحہ ظلم وبربریت ، حیوانیت اورسفاکیت کاکھلا ثبوت تھاجس میں گارمنٹس فیکٹری میں کام کرنے والے ڈھائی سوسے زائد مزدور آگ لگنے کی وجہ سے جل کرخاکسترہوگئے۔انہوںنے کہاکہ حکومتی اداروں کی غیرجانبدارانہ تحقیق اورملکی عدالتوںسے جن عناصرپر بھی جرم ثابت ہوانہیں کڑی سے کڑی اورعبرتناک سزادی جائے،ملک اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ایک طرف تو مسلح افواج ان دہشت گردوں سے نبردآزماہیں جوملک میں خودکش دھماکے کرکے، عبادت گاہوں، مزارات اور بازاروں میں خودکش حملے کرکے یابارودی موادسے اڑانے کا گھناؤنا عمل کرکے ہردوسرے تیسرے روز ہزاروں معصوم افرادکو موت کی نیندسلارہے ہیں اوران کی املاک کوتباہ کررہے ہیںاوردوسری طرف کچھ عناصر ان کی آج بھی بالواسطہ یابلاواسطہ حمایت کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔