12 فروری ، 2015
اسلام آباد.........پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فوجی عدالتیں قائم کرنے کی بجائے ڈیڑھ سو سال پرانے قوانین میں ترمیم کی جائے۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اعظم نذیر تارڑ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ ملک میں ڈیڑھ سو سال پرانے قوانین رائج ہیں، جب تک ان میں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق تبدیلی نہ کی گئی انصاف کی فراہمی کا نظام بہتر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت وزیر قانون کے بغیر چل رہی ہے وہ قوانین میں کیا ترمیم لائے گی؟ اکیسویں آئینی ترمیم جلد بازی میں منظور کرائی گئی۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی وکیل بطور تجزیہ کارٹی وی پر آ سکتا ہے مگرلیگل پریکٹیشنر ایکٹ کے تحت کسی میڈیا ہاؤس کا تنخواہ دار ملازم بن کر پروگرام کرنے کی اجازت نہیں۔