12 فروری ، 2015
اسلام آباد.......حکومت پاکستان کے ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان شیرعلی کا کہنا ہےکہ بیرون ملک پی آئی اے کے ہوٹلز قیمتی اثاثہ ہیں انہیں فروخت نہیں کیا جارہا جبکہ دہلی میں پی آئی اے کے دفاتر قانونی طور پر خریدے گئے ہیں، بھارت کیلئے پی آئی اے کی پروازیں متاثر نہیں ہوئیں۔ جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان شیرعلی کا کہنا تھا کہ حکومت پی آئی اے کی بحالی چاہتی ہے ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں کہ کئی سو ملین ڈالر مالیت کا نیویارک میں موجود پی آئی اے کا روزویلٹ ہوٹل اور پیرس کا اسکرئب ہوٹل فروخت کیا جارہا ہے۔شیر علی کا کہنا تھا دہلی میں پی آئی اے کے دفاتر اور رہائشی فلیٹس کی خریداری میں تمام قانونی ضرورتوں کو پورا کیا گیا ہے، بھارت کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بند ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔