25 جنوری ، 2012
نئی دہلی… وزیرپٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایران سے تیل نہیں خرید رہا۔ بھارتی وزیر پٹرولیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات اور گیس برامد کرنے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین نے نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران کہا ہے کہ پاکستان نے مجوزہ ایران پاکستان بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت تہران سے گیس کی خریداری کے معاہدے پر دست خط کردیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سے تیل نہیں خرید رہا۔ دوسری جانب بھارتی وزیر پٹرولیم جے پال ریڈی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات اور گیس برامد کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس تجویز کو چند ہفتوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔