15 فروری ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ محبت خداہے اور خدا محبت ہے اور محبت کے پیغام کو عام کرکے ہی دنیا کو جنت بنایاجاسکتا ہے ۔ یہ بات انہوں نے نائن زیروپر رابطہ کمیٹی کے ارکان ، حق پرست عوامی نمائندوں اورایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرالطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام کارکنان اورہمدردوں کو ویلنٹائنز ڈے کی مبارکباد بھی پیش کی۔ اپنے خطاب میں انھوں نے ویلنٹائنز ڈے کی مختصر تاریخ اور اس دن کومنانے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہاکہ آج ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر میرا پیغام ہے کہ پیار ومحبت سے محبت کی جائے اور بغض عناداور کینہ پروری سے نفرت کی جائے،معصوم ذہنوں میںاگرآپ نفرت کے بیج بوئیں گے تو نفرت کی ہی فصل کاٹیں گے اور اگر محبت کے بیج بوئیں گے تو محبت کی فصل کاٹیں گے،انھوں نے کہاکہ عقل استعمال کرنے اور زمانے کے ساتھ چلنے والے لوگ اگر چاہیں تو وہ اپنی سوچ کو جدید عہد کے تقاضوںمیں ڈھال سکتے ہیں اور اگر کوئی زمانے کے ساتھ چلنا سیکھ جائے تو وہ ترقی، خوشحالی اور عروج پاتا ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ویلنٹائنز ڈے ، ہرسال 14،فروری کو منایا جاتا ہے ، اس دن لوگ ایک دوسرے کو پیار کے پیغام کے ساتھ کارڈز، پھول اور چاکلیٹ کے تحائف پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں ، کارکنوں اورہمدردوں کو ویلنٹائنز ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ سب سے بہت پیارکرتا ہوں، تحریک اجتماعی مفادات کے حصول کیلئے بنتی ہے ، اگر کسی تحریک میں شامل افراد کی سوچ انفرادیت کے تابع ہوجائے تو بشری خامیوں کا شکار ہوکر نہ صرف خود غرض بن جاتا ہے بلکہ اس کی ترجیحات بھی بدل جاتی ہیں اور وہ اجتماعی مفادات کی جدوجہدسے خود کو دور کرلیتا ہے۔انہوں نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں اورکارکنوں بالخصوص نوجوان نسل پر زوردیا کہ وہ خود کوجدید عہد کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں ، جدید علوم حاصل کریں۔الطاف حسین نے ملک کے مختلف علاقوںمیں بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کی مغفرت فرمائے ، انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے ، زخمیوں کو صحت کاملہ عطا کرے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غیب سے ایسا کرم فرمائے کہ پوری دنیا سے دہشت گردی کاخاتمہ ہوجائے یا کم ازکم دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز پاکستان سے ہوجائے ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان نے بھی الطاف حسین سے والہانہ عقیدت ومحبت کا اظہار کیا اور انہیں ویلنٹائنز ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے الطاف حسین کی صحت وتندرستی اوردرازی عمر کیلئے دعائیں کیں۔