16 فروری ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضا نے کہاہے کہ ملک سے مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے القاعدہ، طالبان اور داعش کی سرپرستی وحمایت کرنے والی جماعتوں کا محاسبہ ناگزیر ہے ۔ ایک بیان میں قاسم علی رضا نے کہاکہ یہ حقیقت پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے کہ القاعدہ اور طالبان کے نامی گرامی دہشت گرد کس مذہبی جماعت کے رہنماؤں کے گھروں سے گرفتارکیے گئے ، یہ دہشت گرد نہ صرف بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی میں ملوث ہیں بلکہ پاکستان میں سول وملٹری تنصیبات، سری لنکن ٹیم اوردیگر مقامات پر حملوں میں بھی ملوث ہیں لیکن آج تک ان سفاک دہشت گردوں کو پناہ دینے اور ان کی سرپرستی کرنے والی جماعت کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ قاسم علی رضا نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ القاعدہ، طالبان اورداعش کے دہشت گردوں کی سرپرستی اور حمایت کرنے والی جماعتوں کا محاسبہ کیا جائے اور ملک بھر میں قتل وغارتگری اوردہشت گردی میں ملوث عناصر کی حمایت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دریں اثنا الطاف حسین سے محبت و عقیدت کے اظہار کے لئے سینٹر ل پنجاب کمیٹی کی جانب سے پنجاب ہائوس لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر سینٹر ل پنجاب کے صدر محمد عامر بلوچ،جنرل سیکریٹری رانا محمد اشرف ،سینٹرل پنجاب کے اراکین، ڈسٹرکٹ کمیٹی کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ذمہ داران و کارکنان نےقائدتحریک الطاف حسین سے تجدید عہد ِ وفا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر طرح کے حالات میں اپنے قائد کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور تحریک کی سربلندی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔تقریب کے اختتام پر دعا کرائی گئی جس میں الطاف حسین کی صحت و تندرستی ، درازی عمر اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔