16 فروری ، 2015
کراچی .......کراچی آپریشن کے دوران پاکستان رینجرز سندھ کی کارکردگی زبردست رہی جس نے سیکڑوں دہشت گرد، ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا لیکن اس دوران پاکستان رینجرز کو اکیس قیمتی جانوں کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔،پاکستان رینجرز سندھ کےذرایع کےمطابق کراچی آپریشن کے 529 دنوں میں رینجرز نے 4 ہزار 700 ٹارگٹڈ آپریشن کیے۔ یہ آپریشن شہر کے مختلف علاقوں، لیاری، ملیر، منگھوپیر، سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، اورنگی ٹاون اور کورنگی، لانڈھی کے علاقوں میں کیے گئے۔ پاکستان رینجرز نے اس دوران 3 ہزار 800 افراد کو گرفتار کیا جن سے مختلف نوعیت کے 6 ہزار 200 ہتھیار برآمد ہوئے۔ پاکستان رینجرز سندھ کراچی آپریشن کے 529 دنوں میں 250 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا جبکہ 200 ٹارگٹ کلرز بھی رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار ہوئے۔ کراچی رینجرز نے اس عرصے میں 250 بھتہ خوروں کو گرفتار کرکے کراچی کے شہریوں کو بھتے کے عذاب سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان رینجرز کی کارروائیوں میں 40 اغوا کار بھی رینجرز کے ہتھے چڑھے جو شہریوں کو تاوان کی غرض سے اغوا کرنے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔تاہم ان 529 دنوںمیں پاکستان رینجرز کو 21 جوانوں کے جنازے بھی اٹھانا پڑے۔ جبکہ 60رینجز کے جوان مختلف کارروائیوں میں زخمی بھی ہوئے۔