16 فروری ، 2015
کراچی......وزیراعظم نواز شریف کی کراچی آمد پر گورنر ہاوس کے سامنے کراچی میں امن کی بحالی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔ لاپتہ افراد کے اہلخانہ بھی انصاف کی آس لیے پہنچے۔ ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ان مظاہرین نے وزیراعظم کی کراچی آمد پر ان کا استقبال پھولوں سے نہیں بلکہ احتجاجی اور شکایتی نعروں سے کیا ہے۔کراچی کا امن بحال کیا جائے، شہر کو اسلحے سے پاک کیا جائے او ر سانحہ بلدیہ کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔یہی وہ مطالبات تھے جو مہاجر قومی موومنٹ کے مظاہرین یادداشت کی صورت میں وزیراعظم نواز شریف تک پہنچانا چاہتے تھے۔ لیکن سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں گورنر ہاوس کے باہر ہی روک لیا۔یہی نہیں، سہراب گوٹھ سے لاپتہ افراد کے اہلخانہ بھی ہاتھوں میں اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھائے انصاف کے طلبگار کھڑے دکھائی دئیے۔احتجاج رکارڈ کرانے کے بعد مظاہرین پرامن طورپر منتشر ہوگئے لیکن ان کی شکایات کسی ٹھوس ایکشن کے بعد ہی دور ہونگی۔وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اعلی شخصیات سے ملاقات کی لیکن کراچی کے کچھ ناراض شہری ان سے ملاقات کا شرف حاصل نہ کرسکے۔ چاہے ملاقات نہ ہوئی ہو لیکن انہیں امید ہے کہ ان کے مسائل اس بار حل ہوجائیں۔