16 فروری ، 2015
کراچی ......سندھ اسمبلی میں سندھ آرمز ترمیمی بل 2015 سمیت اراکین اسمبلی کے لئے علیحدہ پاسپورٹ اور صوبے میں گیس کی فراہمی سے متعلق قراردادیں منظور کرلی گئیں۔سندھ اسمبلی میں آرمز ترمیمی بل نثار کھوڑو نے پیش کیا جسکی تمام شقوں کو منظور کرتے ہوئے بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی کوٹے پرعملدرآمد نہ ہونے سے متعلق رکن فنکشنل لیگ نند کمار نےکہا کہ سرکاری محکموں میں کوٹہ کے مطابق دی جانے والی ملازمتوں کی تفصیل بتائی جائے، جس پر نثار کھوڑو نے جواب دیا کہ ملازمتوں میں اقلیتی کوٹہ مختص ہے،اس پرعمل کرانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ فنکشنل لیگ کی مہتاب اکبر راشدی نے توجہ دلاو نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی جیلوں میں تعینات ڈاکٹرزکی تعداد کیا ہے اور انہیں ترقی اورسروس اسٹرکچرسے متعلق تفصیلات ایوان میں بیان کی جائیں، پیرراشد شاہ کا توجہ دلاؤنوٹس میں سوال تھا کہ خیرپورمیں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں جس پر نثار کھوڑو نے بتایا کہ خیرپورضلع کے چوبیس مغوی بازیاب کرائے گئے سولہ ڈاکوگرفتارکیے گئے۔سکھرمیں غیر قانونی پرائیویٹ اسکولزسے متعلق نصرت سحرعباسی کی تحریک التواء کو مسترد کردیا گیا۔ سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2015 پر سندھ اسمبلی میں بحث جمعہ کوہوگی، بل کے تحت بلدیاتی انتخابات میں پینل سسٹم ختم کرنے کی سفارش ہرشہری آزادانہ حیثیت میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے سکے گا۔سندھ اسمبلی ارکان کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ دینے کی قرارداد بھی ایوان میں منظور کرلی گئی۔