01 مئی ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ایم کیوایم کے شہید چیئرمین عظیم احمد طارق کی19ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں لال قلعہ گراوٴنڈ عزیز آباد میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی۔برسی کے اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار ، رابطہ کمیٹی کے اراکین شعیب بخاری ، کنور خالد یونس ، رضا ہارون، وسیم آفتاب ، افتخار اکبر رندھاوا ، سلیم تاجک ، آنسہ ممتاز انوار ، حق پرست اراکین اسمبلی ،ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے اراکین ، سیکٹر و یونٹ کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ بعدازاں اجتماعی دعا کی گئی جس میں عظیم احمد طارق شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ،اسیر کارکنان کی جلد رہائی ، ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے ، حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی اور قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت وتندرستی کیلئے خصوسی دعا کی گئی۔