21 فروری ، 2015
کرائسٹ چرچ......ورلڈ کپ کرکٹ2015میںپاکستان کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ جا ری ہے،آندرے رسل کی تباہ کن آل راؤنڈ پرفارمنس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 150رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا، 311رنز کے تعاقب میں گرین شرٹس صرف 160رنز پرڈھیر ہوگئے ۔پاکستان کی بیٹنگ لائن ہمیشہ کی طرح آج بھی دھوکہ دے گئی ، بیٹسمینوں کی غیر ذمہ داری کا اس بات سے بھی اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ صرف ایک رن پر ابتدائی4کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے،تاہم اس موقع پر بھی بیٹسمینوں نے سنبھالا نہیں لیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے اور25کے معمولی اسکور پرآدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔کپتان مصباح الحق کے بیٹ نے بھی آج ان سے وفا نہیں کی اور صرف7 رنز تک محدود رہا۔پاکستان کے8بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔عمل اکمل59،صہیب مقصود50اور شاہد آفریدی28رنز بنا سکے،جب کہ چوتھا بڑا اسکور9رنز تھا جو اضافی رنز کا کھاتہ تھا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیلرنے3اورآندرے رسل نے3وکٹیں حاصل کیں، آندرے رسل کو میچ کا بہترین کھلاڑ قرار دیا گیا۔ پاکستان اگلا میچ یکم مارچ کو ومبابوے کے خلاف کھیلے گا۔