24 فروری ، 2015
بارسلونا........شفقت علی رضا........پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین اور روزنامہ جنگ اور جیو نیوز کے بائیکاٹ کے خاتمے پر تحریک انصاف اسپین کے سینئر رہنماؤں نے جنگ اور جیو ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ ہمارے قائدین کے فیصلے کا خیرمقدم ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اسپین کے سینئر رہنماؤں جن میں علی ذوالفقار حشمت، چوہدری مظہر وڑائچانوالہ، غیور عباس عرف راجہ ٹیپو اور تحریک انصاف اسپین میں خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر ہما جمشید نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور مرکزی قائدین کی جانب سے جنگ اور جیو نیوز سے بائیکاٹ کے خاتمے کا خیرمقدم کرتے ہوئے جنگ اور جیو نیوز کے نمائندہ شفقت علی رضا اور کیمرہ مین رضوان کاظمی کے اعزاز میں پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر راجہ شعیب ستی، کامران احمد، جمشید اقبال، چوہدری سلیم لنگڑیال، حمید اختر، چوہدری نزاکت علی، چوہدری نوید وڑائچ، میاں عمران ساجد، اسلم گجر،سابق ناظم گورالی یونین کونسل اور تحریک انصاف پاکستان کے متحرک رہنماکلیم الدین وڑائچ، چوہدری گلریز بوگا، سعد اللہ خان اور دوسرے شرکاء نے روزنامہ جنگ اور جیو نیوز کے پلیٹ فارم سے بارسلونا کمیونٹی کی خبروں اور ان کے پروگرامز کی بلا امتیاز کوریج پر ٹیم کو مبارک باد دی اور ان کی پیشہ ورانہ صحافتی خدمات کو اپنے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔