02 مئی ، 2012
اسلام آباد … امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے میمو کمیشن کے حکم نامے پر تحریری جواب جمع کرادیا، جواب میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ حسین حقانی بیماری اور خطرات کے باوجود واشنگٹن سے بیان ریکارڈ کرانے کیلئے بے چین ہیں۔ میمو گیٹ اسکینڈل سے متعلق تحقیقات کرنے والے کمیشن کے حکم نامے پر سابق سفیر حسین حقانی نے اپنا تحریری بیان کمیشن میں جمع کرادیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ بیماری اور خطرات کے باوجود واشنگٹن سے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے بے چین ہیں۔ حسین حقانی نے تحریری جواب میں استدعا کی ہے کہ میمو کمیشن کی کارروائی کا مکمل ویڈیو ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔ حسین حقانی نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی شہریت حاصل کرنے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی۔ دوسری جانب ان کے وکیل زاہد حسین بخاری کا کہنا ہے کہ خفیہ فنڈز کے استعمال کی تفصیل سفارتکار نہیں سفارتخانے کے پاس ہوتی ہے۔