02 مارچ ، 2015
کراچی… رفیق مانگٹ.......ایک کپ چائے ذیابیطس کو روکنے میں مدد کرسکتا ہے۔ کالی چائے میں پایا جانے والا کیمیائی مادہ جسم میں بہت زیادہ گلوکوز کو جذب کرنے سے روکتا ہے۔سبز چائے کی طرح کالی چائے بھی انسداد ذیابیطس عوامل رکھتی ہے۔برطانوی اخبار’’انڈی پینڈینٹ‘‘ کے مطابق تحقیق سے بات سامنے آئی کہ چائے کی چسکیاں ٹائپ 2 ذیابیطس کو روکنے میں مدد کر سکتی ہے۔کالی چائے جسم کو ٹائپ 2 ذیابیطس کا سبب بننے والے گلوکوز اور اور شکر کو بہت زیادہ جذب کرنے سے روکتی ہے۔ یہ تحقیق امریکا میں فریمنگم اسٹیٹ یونی ورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی۔ انہوں نے اپنی تحقیق کی دو عشرے قبل جاپانی سائنسدانوں کے کیے گئے کام کی بنیاد پر کی۔1995میں جاپانی یونی ورسٹی نے اس مادے کا پتہ چلایا جسے سائنس دان اینٹی ہائیپر گلائیکیمک اثرات کا نام دیتے ہیں۔ چوہوں پر اس تحقیق کو آزمایا گیا اور ان کے خون میں گلوکوز کی نمایا ںکمی دیکھنے میں آئی۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 31لاکھ بالغ برطانوی ذیابیطس کے مرض کا شکار ہیں جن کی تعداد2030تک 46لاکھ ہو جائے گی۔