06 مارچ ، 2015
لاس اینجلس........ایڈونچر کے شوق نے ہالی وڈ اداکار ہیریسن فورڈ کو 72برس کی عمر میں بھی چین سے نہ بیٹھنے دیا، دوسری جنگ عظیم کا طیارہ اڑانے نکلے اور کریش کر بیٹھے،سر میں کئی چوٹیں بھی آئیں۔ایڈونچر کے دلدادہ ہالی ووڈ اداکار ہیریسن فورڈ نے کئی ایڈونچر فلمیں کیں، مگر ان کا پسندیدہ کام طیارے اور ہیلی کاپٹر اڑانا ہے۔ ہوابازی کا یہ شوق، ان کی اصل زندگی میں بھی موجود ہے۔وہ ایک لائسنس یافتہ پائلٹ بھی ہیں۔حال ہی میں وہ لاس اینجلس میں،ورلڈ وار دوم میں استعمال ہونے والا تربیتی طیارہ اڑا رہے تھے،کہ ان کا طیارہ ایک گالف کورس میں کریش کرگیا۔ طیارہ زمین پر گرنے سے قبل درختوں سے بھی ٹکرایا جس کی وجہ سے وہ تباہ ہونے سے بچ گیا،لیکن ہیریسن فورڈ کو سر میں کئی چوٹیں آئیں۔لاس اینجلس پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ہیریسن فورڈ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔