07 مارچ ، 2015
اسلام آباد........ سینیٹ کاچیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کون ہوگا؟ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ(ن) لنگوٹ کس کرمیدان میں آ گئیں ۔ مسلم لیگ ن تحریک انصاف سے بھی رابطہ کرےگی۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کے سینئر قائدین کااجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نےاسحاق ڈار، پرویز رشید، سعد رفیق اورشہباز شریف کو سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دیا،مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سے بھی رابطوں اور مشاورت کا فیصلہ کیاہے۔وزیراطلاعات پرویزرشید نےجیونیوزکوبتایاہے کہ مسلم لیگ ن نےسینیٹ کےچیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کےلیے امیدواروں کی نامزدگی کا فیصلہ ابھی نہیں کیا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا حاصل بزنجو،اسفند یار ولی اور محمود خان اچکزئی سے رابطہ ہوا ہے،ان کا امیر جماعت اسلامی سراج الحق جبکہ سعد رفیق کا ایم کیوایم کی قیادت سے رابطہ ہوا۔وزیراطلاعات کا کہناہے کہ اسحاق ڈار تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سے رابطے کریں گے جبکہ جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کیاجائےگا۔رابطوں کے بعد وزیراعظم کو اتوار یا سوموار کو رپورٹ پیش کردی جائےگی۔پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل قمر زمان کائرہ کاکہنا ہے کہ پیپلزپارٹی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےمعاملے پر اتحادیوں سے رابطے کررہی ہے۔تحریک انصاف پہلے ہی مسلم لیگ ن یا پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ سنا چکی ہے جبکہ مسلم لیگ ن اپنا امیدوار لانے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم ضروری سمجھا توتحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سے رابطہ کیاجائےگا۔