15 مارچ ، 2015
کراچی.......لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں دھماکوں کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں مسیحی برادری کی جانب سے احتجاج کیا گیا ۔مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلا ک کردیے ۔ کراچی میں لاہور دھماکوں کے خلاف مسیحی برادری کی جانب سے عیسٰی نگری پر احتجاج کیا گیا،مظاہرین نے ہاتھو ں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے یاسین آباد، نیو کراچی، پنجاب کالونی اور کراچی پریس کلب سمیت متعدد علاقوں میں بھی احتجاج کیا اور دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کی۔دھماکے کے خلاف کل کراچی کے مشینری اسکول بند رکھنے اور گرجا گھروں میں دعائیہ تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سانحہ لاہور کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک انصاف نہیں ملے گا احتجاج جاری رہے گا۔