15 مارچ ، 2015
ننکانہ صاحب .......ننکانہ صاحب میں ضمنی الیکشن کا میدان مسلم لیگ ن نے مار لیا۔ غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق حلقہ این اے 137 سے مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی کامیاب قرار پائی ہیں۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 137 ننکانہ صاحب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون کی ڈاکٹر شذرہ منصب 75ہزار 890 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائیں جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بریگیڈئیر ر اعجاز شاہ 39635 ووٹ لئے۔ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 137ننکانہ صاحب، ضمنی الیکشن کے لئے 10 امیدوار میدان میں اترے۔ تاہم اصل مقابلہ 2 امیدواروں مسلم لیگ ن کی ڈاکٹر شذرہ منصب علی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواربریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کے درمیان تھا۔ پولنگ کے دوران لاہور کے گرجا گھروں میں دھماکوں کی خبر آ گئی۔ جس پر ننکانہ صاحب کے دو گاؤں جنکشن آباد اور مارٹن پور کی مسیحی برادری نے ووٹ ڈالنے سے انکار کر دیا۔ وہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئے تاہم منتخب نمائندوں کی یقین دہانی پرمظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، 48 حساس پولنگ سٹیشنز پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی تعینات تھے۔