16 مارچ ، 2015
لاہور .......لاہور میں گزشتہ روز یوحنا آباد کے علاقے میں ہونے والے دھماکوں کی تفتیش میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔پولیس نے دھماکوں کے مقامات سے تمام شواہد تو محفوظ کر لئے تھے ،لیکن ابھی تک کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔حملہ آوروں کے اعضا معائنے کے لئے بھجوادئے گئے ہیں ۔پورے علاقہ میں سوگ ہے۔علاقے کے تمام بازار اور دُکانیں سوگ میں بند ہیں۔ شہر میں تمام مشنری اسکول اور ادارے بھی نہیں کھولے گئے۔تمام اہم عمارتوں پر پرچم سر نگوں ہے۔واقعہ میں ہلاک ہونےو الے افراد کی لاشوں کو ان کے ورثا کے حوالے کر دیا گیا،ان کی آخری رسومات آج کسی بھی وقت اد اکی جائیں گی۔دوسری طرف واقعہ میں ہجوم کی جانب سے جن دو مشتبہ افراد کو ہلاک کرنے کے بعد آگ لگائی گئی تھی ان کی شناخت نہیں ہو سکی اور نہ ہی پولیس نے ان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا ہے۔جبکہ دھماکوں کے کے دو مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔علاقے میں آج بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔مظاہرین نے فیروز پور روڈ سے مظاہرہ ختم کر دیا ہے،جس کے بعد ٹریفک کھول دیاگیا اور میٹرو بس بھی چلا دی گئی ہے۔شہر میں آج تمام اہم مقامات پر سخت سکیورٹی ہے۔