پاکستان
22 مارچ ، 2015

مہاجروں کے ساتھ ملک دشمنوں جیسا برتاؤ شروع کردیاگیا،ایم آر سی

کراچی........ مہاجر رابطہ کونسل کی مرکزی کابینہ کے ارکان نے کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف شرو ع ہونیوالے ریاستی آپریشن کو مہاجرقوم کی جانب موڑے جانے کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ1992ء میں بھی نوازشریف کے دور اقتدار میں سندھ میں 72بڑی مچھلیوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جسے دیکھتے ہی دیکھتے سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والے مہاجروں کی جانب موڑ دیا گیا اور 1999ء تک چلنے والے اس ریاستی آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں مہاجر نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں ماورائے آئین و قانون شہید کیاگیا جبکہ سینکڑوں مہاجر گھرانوں میں چادر و چار دیواری کا تقدس بری طرح پامال کیا گیا تھااور آج 2015ء میں کراچی میں دہشت گرووں کے خلاف شروع ہونیوالے آپریشن کو ایک مرتبہ پھر مہاجروں کی جانب موڑکر اپنے ہی شہریوں سے نا انصافیوں اور انکے ساتھ ملک دشمنوں جیسا برتاؤ شروع کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے حقوق کیلئے سندھ میں مہاجر صوبے کے قیام کا مطالبہ کیا جس کے جرم میں کراچی آپریشن کے نام پر مہاجروں کا معاشی ، معاشرتی قتل عام شروع کر دیا گیاجبکہ ہزاروں افراد اب تک ٹارگٹ کلنگ او ر ماورائے آئین قتل کئے جاچکے ہیں، مہاجروں کے ساتھ ظلم و نا انصافیوں پر انسانی حقوق کے ملکی و بین الاقوامی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مہاجر بستیوں کا محاصر ہ کرکے نوجوانوں کو بلاجواز گرفتار کرکے انہیں انسانیت سوزتشدد کا نشانہ بنا یا جارہا ہے ۔مہاجر رابطہ کونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور مہاجروں کے ساتھ بھی پاکستان کے محب وطن شہریوں جیسے برتاؤ کیلئے فوری اقدامات کریں ۔

مزید خبریں :