02 اپریل ، 2015
لاہور.......لاہور میں جواں سال طالب علم کے قتل میں سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے بیٹے کے پانچ گارڈز کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ملزم مصطفیٰ کانجو کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گذشتہ شب لاہورکے علاقے کیولری گراؤنڈ میں سابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور صدیق کانجو کے بیٹے مصطفیٰ کانجو اور اس کے گارڈز کی فائرنگ سے راہگیر نوجوان زین موقع پر ہلاک جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہو گیا تھا ۔پولیس نے تین گارڈز کو موقع پر گرفتار کر لیا، تاہم مصطفیٰ کانجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا ۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات کے دو اور ملزم گارڈز کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم مصطفیٰ کانجو کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ ڈی آئی جی نےبتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے دیگر اضلاع میں چھاپوں کیلیے 4 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔