12 اپریل ، 2015
پشاور.......خیبرپختونخوا حکومت نے عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کو اسٹریٹ چلڈرن کا سفیر مقرر کردیا۔ ریحام خان نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان کا کوئی بچہ سڑک پر بے سہارا نہ رہے بلکہ اسکول جائے،خیبر پختونخوا میں تمام لاوارث بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرکے تبدیلی لائیں گے۔وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں انٹرنیشنل اسٹریٹ چلڈرن ڈے کی تقریب سے خطاب میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ تمام سٹریٹ چلڈرن میرے اپنے بچے ہیں جن پر مجھے فخر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گلیوں میں بے سہارا گھومنے والے بچے ہم سب کی ذمہ داری ہیں۔انہیں معاشرے نے سٹریٹ چلڈرن بنادیا ہے اور ان کو سہارا دینا بھی قوم کا فرض ہے۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے بے سہارا بچوں کو تعلیم و تربیت سے آراستہ اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بناکر ہی نیا خیبر پختون خوا تعمیر کیا جاسکتا ہے۔