06 مئی ، 2012
لاہور … مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ن لیگ کے ساتھ ملکر وزیر اعظم کی جانب سے عدلیہ کے فیصلے کی تضحیک اور توہین کے خلاف تحریک چلائیں گے، علامتی سزا بھی وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے کافی ہے۔ لاہور میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سیکریٹریٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ پہلے عوام کو ملک سے مایوس کیا گیا اور اب عدالتی فیصلے کی توہین کر کے عوام کو سسٹم سے مایوس کیا جارہا ہے، ایک مہذب ملک میں قانون کا نفاذ لازمی ہے لیکن پاکستان کو غیر مہذب بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ مولانا ساجد میر کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت، کشمیر، پانی اور سیاچن کا مسئلہ حل نہ کرے، اس وقت اسے پسندیدہ ترین قوم کا درجہ نہیں دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے اور ایسے ہی ایک اتحاد کیلئے پیشرفت ہو رہی ہے، ایسے اتحاد سے نہ صرف ملکی سیاست میں توازن قائم رہے گا بلکہ یہ ملک میں انسداد فرقہ واریت کیلئے بھی مفید ثابت ہو گی۔