06 مئی ، 2012
لاہور…جنگ گروپ اور ٹائمز آف انڈیا کی امن کی آشا کے تحت دوسری پاک بھارت بزنس کانفرنس کل لاہورمیں شروع ہورہی ہے۔ دو روزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت سے 30 رکنی وفد واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گیا۔بھارتی مہمانوں کا جنگ گروپ کے ایم ڈی شاہ رخ حسن، پاک انڈیا بزنس فورم کے صدر امین ہاشوانی اور دیگر نے پرتپاک استقبال کیا۔ وفد کو ڈھول کی تھاپ پر ساتھ لایا گیا اور پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے۔روایتی دشمنی کی کڑواہٹ کو امن اور دوستی کی مٹھاس میں بدلنے کا عزم پاکستانی اور بھارتی وفد کے اراکین کے چہروں سے جھلک رہا تھا۔ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر انہوں نے سب کو پیغام دیا۔ ''برف پگھل رہی ہے'' امن کی آشا کے دیپ جلاکر پاک بھارت عوام کو ترقی کی نئی منزل سے روشناس کرانا ہے۔جنگ گروپ کے ایم ڈی شاہ رخ حسن کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تاریخ میں پرائیوٹ سیکٹر کی اتنی بڑی کانفرنس آج تک نہیں ہوئی۔پاک بھارت بزنس فورم کے صدر امین ہاشوانی نے کانفرنس کو پاک بھارت تجارتی تعلقات میں نئے امکانات کی تلاش میں اہم قدم قرار دیا۔امن کی آشا کے تحت پاک بھارت بزنس کانفرنس کا عنوان ہے "Dividends"۔ کانفرنس میں پاکستانی اور بھارتی کاروباری شخصیات، صنعت کار، حکومتی عہدے دار اور سیاسی رہنما شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے چھ سیشنز ہوں گے۔ افتتاحی سیشن سے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر، وفاقی وزیرِ تجارت مخدوم امین فہیم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔صنعت کار اور اقتصادی ماہرین کانفرنس کو دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔