17 اپریل ، 2015
کوئٹہ...... قلعہ سیف اللہ کے ایک ہی خاندان کےپیٹ کی بیماری میں مبتلا زیر علاج مزید 2 بچے دم توڑ گئے۔ فوت ہونے والے بچوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے ۔اسپتال ذرائع کے مطابق قلعہ سیف اللہ سے ایک ہی خاندان کے چھ بچوں کو دو روز قبل سول اسپتال کوئٹہ لایاگیا تھا، جن میں سے دو بچے کل اور دو بچے گذشتہ رات انتقال کر گئے جبکہ ایک بچہ قلعہ سیف اللہ میں ہی چل بسا تھا،بظاہر تمام بچے دست اور قے کی بیماری میں مبتلا تھے ،تاہم اس حوالے سے متاثرہ بچے کے لواحقین کا الزام ہے کہ بچوں کو خسرہ سے بچاو کے انجکشن لگائے تھے جس سے بچے متاثرہوئے تھے۔ ڈی جی صحت ڈاکٹر فاروق اعظم کے مطابق متاثرہ بچے فوڈ پوائزن کا شکار ہوئے۔خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین میں کوئی خرابی نہیں۔ پورے صوبے میں خسرہ مہم کے دوران اب تک چار لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاو کےانجکشن لگائےگئے ہیں لیکن مسئلہ صرف ایک ہی خاندان کےبچوں کےساتھ پیش آیا، تاہم بچوں کےمرض کی مزید تشخیص اور تجزیہ کےلئےخون کے نمونے لے لئےگئے ہیں اور لیبارٹری بھیجوادئیے ہیں ، نتیجہ آنے کے بعد صورت حال مزید واضح ہوجائے گی۔