17 اپریل ، 2015
لاہور.....وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی ہر مشکل وقت میں پوری اتری ہے ۔چین پاکستان کے سچے اورمخلص دوست کا کردار ادا کر رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے لاہور میں چین کے قونصل جنرل یو بورن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام چینی صدر کے دورہ کیلیے چشم براہ ہیں۔ان کے دورہ پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہونگے ۔پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی ، تجارتی اور معاشی تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں ۔چینی قونصل جنرل یو بورن کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔مختلف شعبوں میں تعاون کےمزید فروغ کیلیے اقدامات کرتے رہیں گے۔