17 اپریل ، 2015
کراچی........سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ایک بار پھر صوبے بھر میں اسلحے کے نمائش پر پابندی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ کے علاوہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر بھی شریک ہو ئے۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئیں۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں اسلحے کی نمائش پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلحے کی نمائش کر نے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، جبکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کی مالی مدد کر نے والوں سے کو ئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اجلاس میں فوجی عدالتوں میں مزید کیس بھجوانے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا جبکہ اپیکس کی سب کمیٹیاں، انٹیلی جنس اور لیگل کمیٹیاں اجلاس میں شامل شرکاء کو اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیں گی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے بھی شرکت کی جس میں صوبے خصوصاً کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔