17 اپریل ، 2015
کراچی.......کراچی کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم گھوسٹ پولنگ اسٹیشن بنارہی ہے، انہوں نے بیلٹ پیپرز کی کراچی میں چھپائی پر بھی تحفظات ظاہر کئے، دوسری طرف ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید کہتے ہیں، پی ٹی آئی کہیں یہ نہ کہہ دے کہ اُنہیں حلقے کے ووٹرز پر بھی بھروسہ نہیں۔ این اے 246 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے نماز جمعہ عزیز آباد کے قریب مسجد میں ادا کی۔ نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جہاں الیکشن ہوں وہاں بیلٹ پیپرز نہیں چھپا کرتے، مگر کراچی کے ضمنی الیکشن کیلئے بیلٹ پیپر کی چھپائی شہر ہی میں ایک ایسے پرنٹنگ پریس میں ہورہی ہے جہاں ایم کیو ایم کے لوگ کام کرتے ہیں۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے امید وار کنور وید جمیل نے لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 28 سال سے این اے 246 کی سیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے اور اس بار بھی ایم کیو ایم ہی جیتے گی۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص اپنی بیٹی سے انصاف نہ کرسکا، وہ کراچی کے عوام کو کیا انصاف دے گا، عمران خان کبھی حکومت پر شک کرتے ہیں تو کبھی عدلیہ پر، اب اُنہیں کراچی کے سرکاری پرنٹنگ پریس پر بھروسہ نہیں ہے۔ کراچی کے ضمنی الیکشن کی پہلی خاصیت تو یہ ہے کہ ملکی تاریخ میں آج تک کسی بھی ضمنی انتخاب نے اتنی توجہ حاصل نہیں کی اور دوسری خاص بات یہ کہ تمام امیدوار اپنی فتح کیلئے ایک دوسرے سے بڑھ کر پراعتماد ہیں۔