17 اپریل ، 2015
پشاور.......محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان پشاور بس ٹرمینل کی بندش کے فیصلہ کے تنازع پر بس ٹرمینل 6گھنٹے بندرہا جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یعنی ٹرانسپورٹرز احتجاج کرتے رہے اور مسافر خوار ہوتے رہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا نے پشاور بس ٹرمینل کی بندش کا فیصلہ کیا تو ٹرانسپورٹرز سرپا احتجاج بن گئے اور پشاور بس ٹرمینل میں تمام گاڑیاں کھڑی کردیں۔ جس سےمختلف اضلاع کو جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا اور بھٹکتے نظر آئے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ حکام کا مؤقف ہے کہ پشاور بس ٹرمینل سے چلنے والی مسافر گاڑیاں اڈہ مالکان کی ملکیت نہیں۔ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوچز اور بسیں اپنے نام پر رجسٹرڈ کریں۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے یہ فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا اور عدالت کے ذریعے فیصلہ منسوخ کروادیا اور 6گھنٹے بعد ہڑتال ختم کردی۔ ٹرانسپورٹرز نے صوبائی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر محکمہ ٹرانسپورٹ نے دوبارہ پشاور بس ٹرمینل کی بندش کی کوشش کی تو صوبہ گیر ہڑتال کی جائے گی۔ پشاور بس ٹرمینل سے روزانہ اوسطا ایک ہزار سے زیادہ گاڑیاں ملک کے مختلف اضلاع کو چلتی ہیں۔