17 اپریل ، 2015
ندن ....... میٹروپولیٹن پولیس لندن نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں گذشتہ دنوں ہونے والی کارروائیوں کی تفصیل جاری کی گئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے آج جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق 14اپریل کو منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پولیس ضمانت پر موجود ایک 61 سال کا شخص (سی) تھانے میں پیش ہوا، اس شخص کو 3 جون 2014ء کو گرفتارکیا گیا تھا۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق 61 سال کے شخص نے سے میٹروپولیٹن پولیس کے انسداد دہشت گردی کمانڈ کے افسروں نے تفتیش کی۔ ایک 73 سالہ شخص (اے) اور ایک 44 سالہ شخص (بی) بھی جولائی تک پولیس ضمانت پر رہا ہیں، ان دونوں افراد کو 5 دسمبر 2013ء کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پریس ریلیز کے مطابق 12 جنوری کو ایک 41 سالہ شخص (ڈی) گریٹر مانچسٹر تھانے میں اپائنٹمنٹ پر آیا تھا۔ اس کو بھی پولیس نے منی لانڈرنگ کے شبہے میں گرفتار کرکے اپریل تک پولیس ضمانت پر رہا کردیا تھا۔17 فروری کو سفوک تھانے میں ایک 27 سالہ شخص (ای) کو گرفتار کرکے اپریل تک ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔یکم اپریل کو ایک 64 سالہ شخص (ایف) کو منی لانڈرنگ کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا جو اب جولائی تک پولیس ضمانت پر ہے۔پولیس ضمانت پر رہائی کا مطلب یہ ہے کہ مطلوبہ شخص کو مخصوص دن اور وقت پر تھانے میں واپس آنا ہوتا ہے۔