19 اپریل ، 2015
بارسلونا......شفقت علی رضا......نیشنل پولیس نے کاتالونیا سمیت اسپین کے 6 صوبوں میں چھاپے مار کر 54 افراد پر مشتمل کریڈٹ کارڈز فراڈ میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ گروہ غیرملکی بینکوں کے جاری کردہ کریڈٹ کارڈز کو چوری کرنے کے بعد اسپین میں لا کر کاروباری مراکز کے نام پر حاصل کی گئی کریڈٹ کارڈ مشینوں کے ذریعہ رقم وصول کر لیتے تھے۔ پولیس نے 5 مکانوں پر چھاپہ مار کر ان مشینوں کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے جس سے گروہ کے ارکان رقم اپنے اکاونٹس میں منتقل کرتے تھے۔ یہ مشینیں جعلی کاروباری مراکز کے نام پر حاصل کی گئیں تھیں جبکہ ان مراکز کا کوئی وجود نہیں ۔ گروہ کے گرفتار ارکان جعلی کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ مختصر مدت میں بھاری رقوم نکال کر کارڈ ز کو جلا ڈالتے تھے۔ پولیس نے گروہ سے متعلقہ 54 افراد کو گرفتار کرنے کیلئے سپین کے مختلف شہروں بارسلونا، میڈریڈ، کورنیا،گران کناریا،مالاگا اور مایورکا کے 19 مقامات پر چھاپے مارے ان چھاپوں میں پولیس کے ہاتھ، کارڈ سے ڈیٹا نکالنے والی درجنوںمشینیں، کمپیوٹرز، جعلی کریڈٹ کارڈ بنانے کے آلات اور سافٹ ویئرز۔ سیکڑوںکریڈٹ کارڈزاور ہزاروں یوروز نقدکے ساتھ ساتھ اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ مقامی پولیس کے مطابق اس گروہ کے مزید ارکان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے کر گرفتار ملزمان کے بتائے ہوئے ٹھکانوں کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں ۔