07 مئی ، 2012
اسلام آباد … بجلی کی 8 آزاد پاور جنریشن کمپنیوں نے حکومت کی طرف سے ادائیگی نہ ہونے پر قانونی چارہ جوئی کیلئے 72 گھنٹے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ آئی پی پیز نے حکومتی گارنٹی کیش کرانے کے دیئے گئے 34 ارب روپے کے نوٹس پر وزارت پانی وبجلی کی طرف سے کارروائی نہ کرنے اور کسی قسم کی ادائیگی میں ناکامی کے بعد مزید 72 گھنٹے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ آئی پی پیز ذرائع کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی کی طرف سے ایندھن کی فراہمی کی وجہ سے پیداواری عمل کو جاری رکھا ہوا ہے، ان 8 آئی پی پیز کی پیداواری صلاحیت 1600 میگاواٹ سے زائد ہے اور اگر آئندہ چند روز تک حکومت نے ادائیگی نہیں کی تو یہ پیداواری عمل رک سکتاہے۔