25 جنوری ، 2012
اسلام آباد … وینا ملک کے چرچے سینیٹ میں ہونا شروع ہو گئے، وزراء کے اجلاس میں نہ آنے پر سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ، اب ایک ہی حربہ رہ گیا ہے کہ وینا کو بھارت سے بلا کر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنا دیا جائے، شاید وزراء ایوان بالا میں آنا شروع ہو جائیں۔ سینیٹ کا اجلاس قائم مقام چیئرمین جان جمالی کی سربراہی میں ہوا جس میں پوائنٹ آف آرڈر کے دوران انہوں نے وزراء کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کیا۔ ایم کیوایم کے سینیٹر طاہر مشہدی اور حسیب خان نے شکوہ کیا کہ وزیر اعظم بھی سینیٹ میں نہیں آتے۔ سینیٹرمشاہداللہ نے کہاکہ چیئرمین نے بارہا کوشش اور ہر حربہ استعمال کرلیالیکن وزراء نہیں آتے، اب ایک ہی طریقہ رہ گیاہے کہ وینا ملک کو بھارت سے بلاکر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنادیا جائے۔ اس پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ جان جمالی نے برجستہ جواب دیاکہ کیا اس سے اعلیٰ کو پھر وزیراعظم بنادیا جائے؟ ۔ بعد میں سینیٹ آفس نے جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین نے ایوان کی کارروائی سے وینا ملک کا نام حذف کرادیا ہے۔ سینیٹ کا اجلاس جمعرات کی صبح ساڑھے 10 بجے ہوگا۔