پاکستان
24 اپریل ، 2015

عوام کنٹونمنٹ الیکشن میں متحدہ کے امیدواروں کوکامیاب بنائیں، الطاف حسین

  عوام کنٹونمنٹ الیکشن میں متحدہ کے امیدواروں کوکامیاب بنائیں، الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے حق پرست عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتہ 25 اپریل کوہونے والے کنٹونمنٹ کے الیکشن میں ووٹ دے کرایم کیوایم کے امیدواروں کوکامیاب بنائیں۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے نمائندوں نے ماضی میں بھی کنٹونمنٹ کے علاقوں میں منتخب ہوکروہاں کے عوام کی بھرپورخدمت کی ہے اور اب بھی انشاء اللہ وہ کامیاب ہوکرماضی کی طرح عوامی خدمت کاسلسلہ جاری رکھیں گے ۔ الطاف حسین نے کراچی اور حیدرآباد کے کنٹونمنٹ کے علاقوں کے عوام سے پرزوراپیل کی کہ وہ ہفتہ کوہونے والے کنٹونمنٹ کے الیکشن میں ایم کیوایم کے امیدواروں کو اپنے ووٹوںسے کامیاب بنائیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کوفون کرکے انہیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعلیٰ نے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیابی خوش آئند ہے جو ایم کیوایم پرعوام کے اعتمادکی مظہرہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر سابق صدرآصف زرداری کی جانب سے ایم کیوایم کی قیادت اور کارکنوںکومبارکبادپیش کی ۔الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیںبھی مبارکبادپیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت بھی دریافت کی۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں کنورنوید جمیل کی شاندار کامیابی پر تین روزہ جشن فتح منایا جائے اور شکرانے کے نوافل ادا کیے جائیں ۔جناح گراؤنڈ میں کارکنان وعوام کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام نے بہت دکھ سہہ لیے اور ضمنی الیکشن کے سلسلے میں عوام نے بہت محنت کی ہے لہٰذا میں آج اعلان کرتا ہوں کہ ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کی شاندار کامیابی پر تین روز تک پرامن طریقے سے شاندارجشن فتح منایا جائے ۔اس دوران شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے جائیں اورگھی کے چراغ جلائیں۔تاہم مخالفین کے جھنڈوںاورپوسٹرزکونقصان نہ پہنچائیں۔خدار ااپنی کامیابی پر غروروتکبرکاشکار مت ہونا اور ہمیشہ انکساری سے کام لینا کیونکہ غروروتکبر اللہ تعالیٰ کو ہرگز پسند نہیں ہے ۔انھوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اورعوام سے دلی تشکرکااظہار کیا۔

مزید خبریں :