پاکستان
25 اپریل ، 2015

ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات آج ہوں گے

ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات آج  ہوں گے

کراچی.......ملک بھر کے43 میں سے 42کنٹونمنٹ بورڈز میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات آج ہو رہے ہیں، 199 نشستوں کے لیے ملک بھر میں 1151 امیدوار میدان میں ہیں ، سب سے زیادہ امیدوار پاکستان تحریک انصاف نے میدان میں اتارے ہیں، فوج اور رینجرز کے 12 ہزار 400 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے ۔ملک بھر کے43 میں سے 42کنٹونمنٹ بورڈ زمیں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔بلوچستان میں اوڑمارہ کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود کے تعین کا مسئلہ چل رہا ہے اس لیے وہاں بلدیاتی انتخابات نہیں ہو رہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 199 نشستوں کے لیے ملک بھر میں 1151 امیدوار میدان میں ہیں ۔ 610 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔18سیاسی جماعتوں کے 541 امیدوار بھی الیکشن لڑ رہے ہیں ، سب سے زیادہ تحریک انصاف کے 133 امیدوار میدان میں ہیں۔ 128 امیدواروں کے ساتھ مسلم لیگ ن کا دوسرا نمبر ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے 89 اور جماعت اسلامی کے 74 امیدوار حصہ لے رہے ہیں ۔ ایم کیو ایم اور عوامی تحریک کے 27، 27 امیدوار میدان میں ہیں ۔ اے این پی کے 13، عوامی مسلم لیگ کے 9 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں ۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میں ایک ہزار 225 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، 130 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 110 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھرکے کنٹونمنٹ بورڈزمیں انتخابات کے لیے 20 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے12 ہزار 400 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان 28 اپریل کو کیا جائے گا۔

مزید خبریں :