26 اپریل ، 2015
کراچی..........پیپلز پارٹی آج لیاری کراچی میں اپنا زور دکھا رہی ہے، ککری گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جلسے میں شرکا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کارکنان پرجوش ہیں ، گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی کے روایتی نغموں کی گونج ہے۔ پیپلزپارٹی کے تحت لیاری ککری گرئوانڈ میں جلسہ منعقد کیا جارہا ہے، جلسے سے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے، جلسے کی سیکیورٹی کے لیے مرد پولیس اہلکاروں سمیت خواتین کمانڈوز بھی تعینات کی گئی ہیں، جلسے کیلئے 20 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے، جلسے میں شرکت کے لئے کراچی کے تمام اضلاع سے پیپلز پارٹی کے کارکنان جلوس اور ریلیوں کی شکل میں پہنچ رہے ہیں، جلسے میں شرکت کے لیے آنے والوں کو اسٹیج سے دور رکھنے کے لیے خاردار تاریں لگائی گئی ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی کے راستوں میں آنے والے علاقوںمیں دکانیں اور اطراف کی گلیاں کنٹینرلگا کر سیل کر دی گئی ہیں۔ ککری گرائونڈ اور اطراف میں ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کی بڑی بڑی تصاویر لگائی گئی ہیں، جلسے کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ سوٹ بوٹ میں تیار اور کالے چشمے لگائے خواتین کمانڈو ز جلسے میں اسٹیج کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی، جلسہ گاہ میں میڈیا کوریج کے لئے دو خصوصی انکلوژز بنائے گئے ہیں۔