27 اپریل ، 2015
لاہور........پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے،زمبابوے نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی۔ مہمان ٹیم پانچ انٹرنیشنل میچز کی سیریزکھیلنے آئندہ ماہ پاکستان پہنچے گی۔ سیریز کے تینوں ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ پر سے سیاہ بادل چھنٹنے لگے۔ 3مارچ 2009ء کو بند ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھیلنے لگے۔ زمبابوے نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی۔ مہمان ٹیم پاکستان میں دو ٹی 20انٹرنیشنل میچزکھیلے گی،جو 20 اور 22 مئی کو کھیلےجائیں گے۔ پھر شروع ہو گی 3میچز کی ون ڈے سیریز۔ یہ میچز 28،26 اور 31 مئی کو کھیلے جائیں گے،لیکن تمام میچز کےلیے ایک ہی وینیو کا انتخاب کیا گیا ہے،یعنی قذافی اسٹیڈیم لاہورپانچوں میچز کی میزبانی کرے گا۔ مہمان ٹیم کا قیام بھی اسٹیڈیم کے ساتھ قائم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا۔امکان ہے کہ تین مئی کو زمبابوے کا سیکیورٹی وفد پاکستان پہنچے گا،پاکستان کرکٹ بورڈ اس ٹور کے عوض زمبابوے کرکٹ یونین کو پانچ لاکھ ڈالرز ادا کرے گا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں میچ کرانے کی صورت میں پورا ٹور خطرے میں پڑ سکتا تھا،اس لیے زمبابوے کرکٹ یونین کی پیش کش کو قبول کیا۔