27 اپریل ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اسٹیبلشمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کوحاصل عوامی میندیٹ کااحترام کیاجائے اور مہاجروںکو بھی محب وطن پاکستانی تسلیم کیا جائے ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے منتخب ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ سندھ اسمبلی میں بھرپوراپوزیشن کا کردار ادا کریں اورعوامی مسائل کے حل کیلئے ہمت وجرات کے ساتھ ڈٹ کر آوازاٹھائیں۔رابطہ کمیٹی کو ہدایت کرتا ہوں کہ فوری طورپر ملک بھرمیں خصوصاً صوبہ سندھ میں ایم کیوایم کی ممبرسازی مہم شروع کرے۔یہ بات انہوں نے جناح گراؤنڈعزیزآباد، لانڈھی کورنگی اور قصبہ وعلیگڑھ کالونی میں ضمنی اور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں حق پرست امیدواروںکی شاندار کامیابی کی خوشی میں منعقدہ جشن فتح کے اجتماعات سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجتماعات میں بزرگوں ، خواتین ، نوجوانوں اور بچوںنے ہزاروںکی تعدادمیں شرکت کی ، اس موقع پر جشن فتح کے سلسلے میں میوزیکل پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہاکہ کراچی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں ملکی اور غیرملکی سپورٹ حاصل رکھنے والی جماعتوں کو شکست ہوئی ،یہ ملکی اورغیرملکی قوتیں بعض جماعتوں کو ضمنی الیکشن میں کامیاب کراناچاہتی تھیں لیکن اللہ تعالیٰ نے ایم کیوایم کوسرخروئی عطافرمائی، کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں بھی ایم کیوایم کو پہلی مرتبہ تاریخی فتح حاصل ہوئی جس پر میں ایک مرتبہ پھرحق پرست عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے منتخب ارکان اسمبلی کی جانب سے عوام کی ترقی اور فلاح کے منصوبوں کو سرخ فیتے کی نذرکردیاجاتا ہے ، میں منتخب ارکان اسمبلی کو تلقین کرتا ہوں کہ عوامی مسائل کے حل راستے میں بیوروکریسی مشکلات کھڑی کرے تو وزیراعلیٰ سندھ اور گورنرسندھ کو مطلع کیا جائے ، اگر پھربھی عوامی مسائل کے حل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دورنہ کی جائیں تو ایم کیوایم کی لیگل ایڈکمیٹی کے ذریعہ مقدمہ دائر کریں،عوام بنیادی مسائل کا شکار رہیں، ان کے بنیادی مسائل کا حل کرنا آپ کے فرائض میں شامل ہے ۔ اگر حکومت سندھ ، بیوروکریسی کی جانب سے عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں اورمقدمہ دائر کرنے کے باوجود عدلیہ بھی عوام کو ریلیف فراہم نہ کرے تو آپ پرامن احتجاجی مظاہرے کرکے اپنااحتجاج ریکارڈ کرائیں ۔ اگر حق پرست عوامی نمائندوںنے اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت کا مظاہرہ کیا تو پارٹی کی جانب سے انہیں نوٹس دیا جائے گا اورپھربھی انہوں نے اپنی اصلاح نہ کی تو ان سے استعفیٰ لے لیا جائے گاکیونکہ ہمیں نمائشی لوگ نہیں بلکہ کام کرنے والے لوگ چاہئیں۔انھوں نےصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہنگامی بنیادوں پر طوفانی بارشوں اورآندھی سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیاجائے اورمتاثرین کی بحالی کیلئے جلدازجلد اقدامات کیے جائیں ۔ الطاف حسین نے انسانی حقوق کی مقبول کارکن سبین محمود کے سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سبین محمود کے قتل کی تحقیقات کرائی جائے اور قاتلوں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزا دی جائے ۔ انھوں نےکہاکہ ایم کیوایم سب جماعتوں کے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتی ہے اورچاہتی ہے کہ ایم کیوایم کو حاصل عوامی مینڈیٹ کابھی احترام کیاجائے،ایم کیوایم، حکومت ،اسٹیبلشمنٹ ، فوج ، پیراملٹری فوج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اورایجنسیوں کے لوگوں کی غلط پالیسیوں کی مخالفت ضرور کرتی ہے لیکن انہیں غدار یا ملک دشمن قرارنہیں دیتی بلکہ محب وطن سمجھتی ہے ۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے بصد ادب مطالبہ ہے کہ ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ مہاجروں کو بھی محب وطن پاکستانی تسلیم کیاجائے ۔دریں اثنا تینوں روز الطاف حسین لندن سے بذریعہ ٹیلی فون جشن فتح میں شریک رہے اور عوام سے مختلف اوقات میں خطاب کرتے رہے۔ اس موقع پر جناح گراؤنڈ سے متصل علاقوں مکا چوک ، اللہ والی چورنگی ، حسین آباد سمیت نائن زیرواور اطراف کی گلیوں اور چوکوں کو برقی قمقموں سے سجادیا گیا کراچی بھر سے تعلق رکھنے والی خواتین ، بچوں ، بچیوں ، نوجوانوں ، بزرگوں سمیت لاکھوں افراد کا ہجوم جناح گراؤنڈ میں ہونیوالی میوزیکل نائٹ پروگرام سے لطف اندوز ہوتا رہا۔