پاکستان
28 اپریل ، 2015

کراچی آپریشن : عمران، عوام کے زخموں پرنمک پاشی کررہے ہیں ، متحدہ

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کے ترجما ن نے کہاہے کہ کراچی میں آپریشن کے بارے میں عمران خان کے خیالات نہایت افسوسناک اورکراچی کے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ نجی ٹی وی کودیئے گئے ایک انٹرویومیں عمران خان کاکہناتھاکہ کراچی میں نصیراللہ بابرکے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس والوں کو ماردیاگیا۔ ترجمان نے کہاکہ ہمیں اس بات پر شدید افسوس ہے کہ عمران خان نے ان پولیس والوں کاتوذکرکیا لیکن انہوں نے کراچی کے ان ہزاروں مہاجرنوجوانوں کاکوئی ذکرنہیں کیاجنہیں کراچی آپریشن کے دوران وحشیانہ تشددکرکے ماورائے عدالت قتل کردیاگیا، سرکاری حراست میں جن کی آنکھیں نکالی گئیں، جن کے جسموں کی کھالیں اتاری گئیں، جن کے جسموں کواستریوںسے جلایاگیا، جن پر ایسا غیرانسانی تشددکیاگیاجوانسانیت پر یقین رکھنے والاکوئی بھی فردنہیں کرسکتا۔ترجمان نے کہاکہ ہماراعمران خان کومشورہ ہے کہ وہ کراچی آپریشن کے بارے میں سرکاری ایجنسیوں کی تیارکردہ رپورٹس پریقین کرنے کے بجائے کراچی کی ان ماؤں، بہنوں، بزرگوں اوربچوں سے ملیں جن کے پیارے کراچی آپریشن کے دوران ان ظالم وسفاک پولیس افسران واہلکاروں نے چھین لئے جن کی ہمدردی عمران خان کررہے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ عمران خان جواب دیں کہ آج کراچی میں پولیس، رینجرزوالوںکوکون مارہاہے؟ ان پر حملے کون کررہاہے؟عمران خان ان طالبان اورکالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کانام لینے سے کیوں گریزاں ہیںجواپنی دہشت گردی کی وارداتوںکی کھلے عام ذمہ داریاں بھی قبول کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ عمران خان کی انہی پالیسیوںکی وجہ سے کراچی کے عوام نے ان کی جماعت کوحالیہ انتخابات میں بری طرح مسترد کردیاہے ۔ دریں اثناایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے تحت Connect With MQM کے عنوان سے رکنیت سازی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے اور اب تک پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بہت بڑی تعداد میں رکنیت سازی فارم پرکرچکے ہیں۔ایم کیوایم میں کام کرنے کے خواہشمندافراد کیلئے ایم کیوایم کی ویب سائٹ www.mqm.org پر رکنیت سازی فارم اپ لوڈکیا گیا ہے۔دریں اثناء ترجمان نے کہاکہ رکنیت سازی کے فارم پرکرنے کیلئے ایم کیوایم کی ویب سائٹ کے علاوہ فیس بک پر بھی دستیاب ہے۔

مزید خبریں :