29 اپریل ، 2015
کراچی......جامعہ کراچی کےاسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان کے قتل کے سوگ میں کل بروز جمعرات سندھ بھر کی جامعات میں ایک گھنٹے ٹوکن ہڑتال کی جائے گی جبکہ جامعہ کراچی میں دو روز تک تدریسی عمل معطل کرنے کا اعلان کیاگیا ہے۔پروفیسر وحید الرحمان کے قتل کے واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کراچی کےانجمن اساتذہ کے صدر جمیل کاظمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر وحید الرحمان کے قتل کےپیچھے سازش ہے علم کوخاموش کرنے کی۔ جامعہ کراچی کے اسلامک اسٹڈیز کے ڈین کے قتل کو ایک سال بھی نہیں گزرا کہ ایک اور ٹیچر کو قتل کردیاگیا۔کٹس کے صدر کا کہنا تھا کہ اسطرح اساتذہ کا قتل کرکے قاتل اپنے مقاصد میں کامیا ب نہیں ہوسکتے-پریس کانفرنس میں جامعہ کراچی کی انجمن اساتذہ نے حکومت سے چار مطالبات بھی کیے جن میں قاتلو ں کی گرفتاری، مقتول پروفیسر کے اہلخانہ کو امدادی رقم کی فراہمی ، انکی بیوہ کو جامعہ کراچی میں نوکری دینے اور جامعہ کراچی کے اساتذہ کو سیکیورٹی فراہم کرنا شامل ہے۔ جامعہ کراچی میں مقتول پروفیسر کے لیے کل تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف تعلیمی، صحافتی اور سماجی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے-